فیس بک پر اکثر ایسی پوسٹس دیکھنے کو ملتی ہیں جو صارفین نے دوسروں سے چوری کی ہوتی ہیں تاہم اب میٹا نے اس حوالے سے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے جس کے تحت چوری شدہ مواد پوسٹ کرنے والے صارفین نہ صرف سزا بھگتیں گے بلکہ وہ فیس بک سے آمدنی بھی نہیں کما سکیں گے۔
اپریل 2025 میں میٹا نے فیس بک پر تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد اسپام اور چوری شدہ مواد کی پوسٹنگ کو روکنا تھا اور اب ان پالیسیوں پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق چوری شدہ مواد فیس بک کے صارفین کے تجربے کو خراب کرتا ہے کیونکہ کچھ لوگ زیادہ ویوز، فالوورز یا آمدنی کے لیے دوسروں کے مواد کو کاپی پیسٹ کرتے ہیں۔
میٹا نے واضح کیا کہ چوری شدہ مواد پوسٹ کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ایسے اکاؤنٹس جو بار بار دوسروں کا مواد استعمال کریں گے ان کی فیس بک کے مونائیٹائزیشن پروگرامز تک رسائی عارضی طور پر بند کر دی جائے گی۔
مزید برآں ان کی پوسٹس کی رسائی کو بھی محدود کیا جائے گا تاکہ وہ کم سے کم لوگوں تک پہنچیں۔
کمپنی ایک نیا سسٹم بھی آزما رہی ہے جو چوری شدہ ویڈیوز میں اصل مواد کے لنکس شامل کرے گا تاکہ اصل تخلیق کار کو کریڈٹ مل سکے۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب یوٹیوب نے بھی چوری شدہ مواد کے خلاف کریک ڈاؤن اور آمدنی سے متعلق پالیسیز اپ ڈیٹ کی ہیں۔






















