ملک میں مون سون بارشوں کے نئے طاقتور اسپیل کا آغاز ہوگیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے کئی درخت اکھڑ گئے، بجلی کے پول زمین بوس ہوگئے، کہوٹہ میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر کمسن بچی جاں بحق ہوگئی، چار زخمیوں کو ریسکیو کرلیا گیا، جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 52.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہوگئی، محکمہ موسمیات نے مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی، ندی نالوں میں طغیانی سے کئی شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں صبح سویرے موسلا دھاربارش نے جل تھل ایک کردیا۔
طوفانی ہواؤں اور بارش کے دوران کئی علاقوں میں درخت اُکھڑ گئے، کھمبے گرگئے، نشیی علاقوں میں گٹھنوں گٹھنوں پانی جمع ہوگیا، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہوگئی۔
جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 52.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ 131 ملی میٹر بارش سیدپور کے مقام پر ہوئی، بائیس نمبر چونگی کے علاقے میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں شدید بارش سے تباہی آگئی، چاہت محلے میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 سالہ بچی پلوشہ جاں بحق ہوگئی، ریسکیو ٹیموں نے ماں باپ سمیت 4 افراد کو زندہ نکال لیا، کئی اشیاء سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔
جڑواں شہروں سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر، مری گلیات، مانسہرہ سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارش کے دوران عوام محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، بارشوں کا نیا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا۔






















