وزیراعظم شہباز شریف کی آذر بائیجان میں ای سی او سربراہی اجلاس کے دوران ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، اسرائیلی حملے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آذربائیجان کے شہر خان کندی میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔
شہباز شریف اور مسعود پزیشکیان نے گزشتہ ملاقات کے فیصلوں پر ہونیوالی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، ایران کیخلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کے تناظر میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پزیشکیان کی قیادت کو سراہا، انہوں نے حالیہ بحران کے دوران ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کو سراہا۔
شہباز شریف نے ایران کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور خطے میں امن کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی صدر پزیشکیان نے حالیہ بحران کے دوران ایران کیلئے پاکستان کی مضبوط سفارتی حمایت کو سراہا، انہوں نے تنازع کو کم کرنے میں پاکستان کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو ایرانی سپریم لیڈر کیلئے مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔






















