نیا دن نیا ریکارڈ، پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک اور ریکارڈ بنانے میں کامیاب، ہفتہ کے آخری روز پی ایس ایکس 100 انڈیکس 1262 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 31 ہزار 949 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے پہلے سیشن میں کے ایس ای 100 انڈیکس 700 سے زائد پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 31 ہزار پوائنٹس کی سطح بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم سیشن کے اختتام پر انڈیکس 490 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 31 ہزار 176 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دوسرے سیشن میں تیزی کا سلسلہ پھر شروع ہوا اور کاروبار کے اختتام تک جاری رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 1262 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 31 ہزار 949 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ اور اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا، بینکنگ، آئل، آٹو اور ٹیکنالوجی کمپنیز کے شیئرز میں خریداری کا رجحان رہا۔
بروکز کا کہنا ہے کہ عاشورہ اور اگلے 2 دن چھٹی کے باعث سرمایہ کار تھوڑے محتاط ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ پانچ روز کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 7 ہزار پوائنٹس سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔






















