تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے گرفتار کارکنوں کی رہائی اور بلے کا نشان الاٹ کرنے کے مطالبات کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق بابراعوان اور بیرسٹر گوہر پر مشتمل پی ٹی آئی وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی ،جہاں انہوں نے شکایات اور مطالبات کا ڈھیر لگا دیا، پی ٹی آئی رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اور بلے کا نشان الاٹ کیا جائے۔
ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما ئوں نے دعویٰ کیاکہ انتخابی مہم چلانے سے روکا جارہاہے ، جس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے تحریک انصاف کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔
ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہ گرفتار کارکنوں کی رہائی اور آزادانہ انتخابی مہم چلانے کا حق مانگا ہے ،ہمارےایکٹیوسٹ کی لسٹیں بنائی جارہی ہیں اور ان کو ہراس کیا جا رہا ہےاور اغوا کیا جا رہا ہے پی ٹی آئی کےفلیگ اور پرنٹنگ مواد کی اجازت نہیں جہاں جائیں منع کر دیتے ہیں ہمیں قانون اور آئین کےمطابق فری اینڈ فیئر الیکشن میں فیئر اجازت دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا نشان کا جو کیس تھا وہ تیس تاریخ کو اعلان ہوا تھا پھر وہ تفصیل کیلئے التوا کا شکار تھا اس کے بعد ہم نے اٹھارہ اکتوبر کو بھی ایک درخواست کی، پھر تیس اکتوبر کو بھی ، وہ فیصلہ فوری آنا چاہیے تاکہ شکوک ختم ہو جائیں اور آگے بڑھیں کہ بیٹ ہمارا نشان ہے اور بیلٹ پیپر پر یہ نشان رہے گا ۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاست سےمائنس نہیں کیا جا سکتا ۔ ہم نے پی ڈی ایم دور میں اور نگران حکومت کی طرف سےجاری 80ارب کےترقیاتی فنڈزفوری روکنے کا بھی مطالبہ کیا، امید ہےالیکشن کمیشن مناسب ایکشن لے گا۔