پنجاب میں بارشوں اور آندھی کے دوران حادثات سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 35 زخمی ہوئے، کئی مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں بارش اور آندھی کے باعث حادثات کی رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 25 سے 27 جون تک بارش کے دوران 25 حادثات رپورٹ ہوئے، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق چھت اور دیواریں گرنے سے زیادہ اموات ہوئیں، لاہور میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں چھت گرنے سے 3 افراد کی ہلاکت ہوئی، اوکاڑہ میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، منڈی بہاء الدین میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق اور ایک شخص چھت گرنے سے زخمی ہوا۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جھنگ میں 2 افراد برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے، ساہیوال میں چھت گرنے سے ایک مرد اور ایک خاتون جاں بحق ہوئے، قصور میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، بہاولپور میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، رحیم یارخان میں درخت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، ملتان میں چھت گرنے سے 2 مرد، 5 خواتین اور ایک بچہ زخمی ہوا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جہلم میں 2 افراد سیلابی نالے میں گرکر جاں بحق ہوئے، خانیوال میں ایک شخص کی آسمانی بجلی سے ہلاکت ہوئی، چنیوٹ میں چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔
پراونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔



















