وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران اسرائیل جنگ بندی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ایران اسرائیل کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی تھی، حالات مزید خراب ہو رہے تھے ، ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ، امریکا نے جنگ بندی کے لئے دباؤ ڈالا ورنہ اسرائیل کے ارادے کچھ اور تھے ، امن کی طرف سلسلہ چل پڑا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کا کہناتھا کہ اس خطے میں چین ،روس ، عرب ممالک سب ہی امن کی خواہش رکھتے تھے ، جنگ بندی قائم رہنا بہت بڑی کامیابی ہو گی ، جنگ بندی کے اقدام غزہ کے لیے بھی لینے چاہئیں ، اسرائیل نے غزہ کے لوگوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لینا ہے وہ انہیں ملنا چاہیے ، مسلم ممالک کو غزہ کو پھر سے آباد کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے ، ٹرمپ غزہ میں امن کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
خواجہ آصف کا کہناتھا کہ صدر ٹرمپ نے دو جنگیں بند کرائی ہیں ، صدر ٹرمپ نے جو بھی حکمت عملی اپنائی امن کے لیے کام آئی ہے ، اس سے پہلے ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کی جنگ بندی میں بھی اہم کردار ادا کیا ۔
ان کا کہناتھا کہ بھارت کے دوبارہ ایڈونچر کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، مودی اور انڈین میڈیا ابھی تک اپنے زخم چاٹ رہا ہے ، بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو پہلے کی طرح ذلیل وخوار ہوگا ، پاکستان بھارت کو دوبارہ منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔






















