میکس ویل کی ایک ٹانگ پر دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست سے دو چار کرتے ہوئے سیمی فائنل میں نہ صرف اپنی جگہ بنائی بلکہ پاکستان کیلئے بھی نہایت فائدہ مند ثابت ہوئے ۔
میچ میں ڈرامائی شکست پر افغان کپتان ہشمت اللہ شاہدی نہ صرف حیران ہیں بلکہ یہ ان کیلئے ناقابل یقین بھی تھا، جس کا اظہار انہوں نے میچ کی اختتامی تقریب میں نمائندے سے گفتگو میں کیا ۔
ہشمت اللہ شاہدی کا کہناتھا کہ یہ بہت مایوس کن تھا، کرکٹ ایک مزاحیہ کھیل ہے ، یہ ہمارے لیے ناقابل یقین ہے ، ہم گیم میں تھے ، ہمارے باولرز نے شاندار آغاز کیا ، ہم نے کیچ چھوڑے جس کا خمیازہ ہمیں میچ کے آخر میں بھگتنا پڑا، ہم نے چانس مس کیا جس کے بعد میکس ویل نے رکنے نام نہیں لیا ، انہیں بھر پور کریڈٹ جاتا ہے ،میرے خیال میں وہ کیچ میچ کا مرکز تھا ، اس کے بعد میکس ویل نے شاندار بیٹنگ کی ، انہوں نے ہر طرح کی شاٹ کھیلی اور ہمیں موقع نہیں دیا ۔
کپتان ہشمت اللہ شاہدی کا کہناتھا کہ ہمارے باولرز نے بھر پور کوشش کی ، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے ، ٹیم کو آج رات مایوسی ہو گی لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے ، ہم جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں زیادہ مضبوط ہو کر میدان میں اتریں گے ، ابراہیم زردان کو اپنے آپ پر فخر ہونا چاہیے ، مجھے بھی ان پر ناز ہے ، وہ ورلڈ کپ میں سینچری کرنے والے پہلے افغان کھلاڑی ہیں ۔