فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین نے کہا ہے کہ 312ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کے اقدامات کئے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے 312 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ اگلے مالی سال میں ٹیکس شارٹ فال کا سامنا ہوگا۔ تمباکو کے غیرقانونی کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ انفورسمنٹ کے ذریعے شوگر سیکٹر سے 39 فیصد زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے اور اب بیوریج اور پولٹری سیکٹر میں بھی انفورسمنٹ کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ ان کے مطابق اصل ٹیکس وصولی 18 سے 20 فیصد کے درمیان رہی ہے جبکہ آئی ایم ایف نے گزشتہ سال کے انفورسمنٹ اقدامات کو تسلیم کیا ہے۔
راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ اگلے دو سے تین ماہ میں واضح ہو جائے گا کہ مافیا جیتتا ہے یا حکومت۔ تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ حکومت جس نیت سے کام کر رہی ہے، اس بار مافیا نہیں جیتے گا۔ ان کے بقول شوگر سیکٹر ایک اہم ٹیکس کیس تھا جس میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے، حالانکہ ماضی میں ہر بار مافیا جیت جاتا تھا۔



















