چیف آف آرمی اسٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر انکی خدمات کو جاری رکھنے کا متفقہ فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جس میں پاک ،بھارت حالیہ دفاعی معرکے کے بعد کی صورتحال سرفہرست رہی۔
وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو پاک، بھارت کشیدگی اور فوجی کارروائیوں پر اعتماد میں لیا۔
کابینہ نے پاکستانی افواج کی شاندار کارکردگی اور بھارت کو شکست دینے پر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ارکان نے پاکستانی قوم کی یکجہتی اور میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی بھی تعریف کی۔
اجلاس میں معرکہ حق کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور پاکستانی افواج کی ہر محاذ پر کامیابیوں کو سراہا گیا۔
کابینہ نے عالمی سطح پر پاکستان کی صلاحیت اور اہمیت کے تسلیم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ملکی معاشی، سیاسی اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ مالی سال کے بجٹ تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
کابینہ نے قومی بیانیہ کو مضبوط کرنے اور پاکستانی افواج کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ حال ہی میں پاکستان تاریخ کے کٹھن مرحلے سے گزرا جب 6 اور 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی اور پاکستان کی سول آبادی میں معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کابینہ کے مطابق دشمن کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری ، سرحدی سالمیت پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
کابینہ کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر نے مثالی جرات اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔
اعلامیہ
وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق شاندار عسکری قیادت ، جرآت اور بہادری، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے مقابلے میں دلیررانہ دفاع کے اعتراف میں جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی وزیرِ اعظم کی تجویز کابینہ نے منظور کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بنیان مرصوص کے دوران گراں قدر خدمات انجام دینے والوں کو اعلیٰ سرکاری ایوارڈ دیا جائے گا اور آپریشن بنیان مرصوص کے غازیان اور شہدا کو اعلیٰ سرکاری ایوارڈز سے نوازا جائے گا جبکہ پاک فوج کے غازیان، شہدا کو اعلی سرکاری ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
آپریشن بنیان مرصوص کے دوران خدمات پر پاکستانی شہریوں کو اعلیٰ سرکاری ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل کا عہدہ
فیلڈ مارشل فوج میں جنرل کے عہدے سے اوپر کا اعلیٰ ترین عہدہ ہے اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر فائیو اسٹار سینئر ترین آرمی افسر ہیں۔
یہ ایوارڈ غیر معمولی اور مثالی قیادت و خدمات کے پیش نظر دیا جاتا ہے۔






















