نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہم نے پھرپور جواب دیدیا ہے اگر بھارت رک گیا تو ہم بھی رک جائیں گے۔
سماء سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاسی رابطے ہورہے ہیں، امریکا اور سعودیہ کی اپیل ہے اس معاملے کو یہاں روک دیں، ہم نے کہا بھارت رک جائے تو ہم رک جائیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہوا توجواب دیا، بھارت ری ایکٹ نہیں کرے تو پاکستان رک جائے گا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے افواج نے سرفخر سے بلند کر دیا ہے، ہم برابری کی بات کرتے ہیں، لڑائی کسی چیز کا حل نہیں۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے نور خان، شورکوٹ ایئر بیس پر حملہ کیا جو ناقابل قبول تھا، ہم اپنے دفاع کے طور پر کارروائیاں کررہے ہیں، بھارت باز نہیں آرہا، بھارت کی خطے میں حاکمیت قائم نہیں ہونے دیں گے، یہ آپریشن اب منطقی انجام تک جاکر ختم ہوگا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کا کردار بغل میں چھری منہ میں رام رام جیسا تھا، انشاء اللہ تعالیٰ ہم فتح حاصل کریں گے، پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی پر کارروائی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا، ابھی جو ایکشن ہورہا ہے وہ کم سے کم ہے، جو بھارت نے کیا اس کا بدلہ چکایا جارہا ہے، پہلے دن بھی ان کے جیٹ فائٹرز کو نشانہ بنایاگیا۔
نائب وزیراعظم نے واضح کردیا کے پاکستان کے بھارت کیخلاف حملے جاری رہیں گے، جنگ میں ہمارے پاس تمام آپشن موجود ہیں، بھارت کے 80 ڈرون گرا چکے ہیں۔






















