وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے پیچھے رہ جانیوالے 345 عازمینِ حج کو آج اسلام آباد سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق 7 مئی سے 9 مئی کے دوران حج کی 13 پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، پروازوں کی عارضی معطلی کی وجہ سے 3,080 عازمینِ حج کے شیڈول متاثر ہوئے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان تین دنوں کے دوران 4 حج پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 9 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
یاد رہے کہ 7 مئی کو بھارت کی بلااشتعال فضائی کارروائی کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث فلائٹ آپریشن معطل یا عارضی طور پر مؤخر کردیا گیا تھا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے 8 مئی کو اعلان کیا کہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا، وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ 540 مزید عازمینِ حج کو اسلام آباد اور لاہور سے خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق 7 مئی سے 9 مئی کے دوران سعودی ایئرلائن کی اسلام آباد اور لاہور سے دو، دو حج پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ لاہور سے تین، اسلام آباد اور کوئٹہ سے دو، دو اور ملتان و کراچی سے ایک، ایک حج پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔



















