میٹا نے فیس بک پر بڑھتی ہوئی اسپام پوسٹس کے مسئلے کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ فیس بک فیڈ کو صارفین کے لیے زیادہ پرکشش اور معیاری بنانے کے لیے نئی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
میٹا کے مطابق وہ صارفین جو طویل، غیر متعلقہ یا توجہ ہٹانے والے کیپشنز والی پوسٹس شیئر کرتے ہیں ان کی رسائی محدود کر دی جائے گی اور ایسی پوسٹس سے فیس بک پر آمدنی حاصل کرنے کی اہلیت بھی ختم کی جائے گی۔
مزید برآں اسپام نیٹ ورکس کے خلاف جارحانہ کارروائیاں کی جائیں گی جن میں ایسی پوسٹس اور کمنٹس کی نمائش کم کرنا اور زیادہ رسائی حاصل کرنے والے اسپام پیجز کو ہٹانا شامل ہے۔
کمپنی ایک نئے فیچر کی آزمائش بھی کر رہی ہے جس کے ذریعے صارفین گمنام طور پر کمنٹس پر ڈاؤن ووٹ کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ، اصل (اوریجنل) مواد شیئر کرنے والے صارفین کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں جب میٹا فیس بک کو نوجوانوں کے لیے زیادہ دلچسپ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
حال ہی میں فیس بک پر "فرینڈز ٹیب" کو دوبارہ متعارف کرایا گیا ہے اور مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ چند ماہ میں فیس بک کو اس کے پرانے سوشل میڈیا انداز میں واپس لانا چاہتے ہیں۔