ایپل، جو روایتی طور پر ہر سال ایک بار نئے آئی فونز متعارف کراتا ہے اب اس طریقہ کار میں تبدیلی پر غور کر رہا ہے۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق ایپل 2026 سے نئے آئی فونز کے اجرا کو دو مراحل میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس میں ہر مرحلے کے درمیان 6 ماہ کا وقفہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 سیریز کے پرو ماڈلز ستمبر 2026 میں معمول کے مطابق متعارف کرائے جائیں گے جبکہ سستے آئی فون 18 ماڈلز 2027 کے موسم بہار میں پیش کیے جائیں گے۔
امکان ہے کہ پرو ماڈلز کے ساتھ ایپل اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی 2026 میں لانچ کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ایپل رواں سال اپنا سب سے پتلا آئی فون 17 ایئر متعارف کرائے گا اور 2026 میں اس کا نیا ورژن بھی پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایپل آئی فون 18 سیریز کے سستے ماڈلز کی تیاری بھارت میں کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ چین پر انحصار کم کیا جا سکے۔
اس اقدام کا مقصد امریکی صدر کے ممکنہ ٹیرف سے کمپنی کے منافع کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔