مائیکروسافٹ نے اپنے مقبول ویڈیو میٹنگ پلیٹ فارم اسکائپ کو 22 سال کی سروس کے بعد آج سے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ مائیکروسافٹ کے دوسرے ویڈیو میٹنگ پلیٹ فارم "مائیکروسافٹ ٹیمز" کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر کیا گیا۔
کمپنی اب اپنی تمام تر توجہ ٹیمز پر مرکوز کرنا چاہتی ہے۔
مائیکروسافٹ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ٹیمز میں اسکائپ کی تمام اہم خصوصیات شامل کی گئی ہیں اور ٹیمز کے ذریعے صارفین انفرادی و گروپ ویڈیو کالز، مسیجنگ، اور فائل شیئرنگ جیسی سہولیات مفت استعمال کرسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو سالوں میں مائیکروسافٹ ٹیمز استعمال کرنے والوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اسکائپ کا آغاز اگست 2003 میں ہوا تھا اور 22 سال کی طویل سروس کے بعد اب یہ پلیٹ فارم 5 مئی 2025 کو ہمیشہ کے لیے بند ہو رہا ہے۔