پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ دیا، دبئی میں گلوبل پاور لفٹنگ اینڈ باڈی بلڈنگ انٹرنشینل چیمپئنز شپ میں پاکستان پہلے نمبر پر آگیا۔ پاکستان کے جواد احمد نے بھارت کے سندیپ سنگھ کو ہراکر گولڈ میڈل پاکستان کے نام کردیا۔
دبئی میں جاری مقابلوں میں بھارت، سری لنکا، دبئی، جرمنی، فرانس، جنوبی افریقا، میکسیکو، فن لینڈ، اٹلی، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے جواد احمد نے ماسٹر کلاس سمیت اوور آل کلاس میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی، فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں کو سخت مقابلے کے بعد شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
سرگودھا سے تعلق رکھنے والے جواد احمد پرو باڈی بلڈنگ شو میں پاکستان گول میڈل کیساتھ سرفہرست ہے، بھارت چاندی کے تمغے کیساتھ دوسرے جبکہ سری لنکا کانسی کے تمغے کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرسکا۔
جواد احمد کا کہنا ہے کہ میرے لئے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرسکا ہوں، ماسٹر کلاس سمیت اوور آل کلاس میں بھارتی کھلاڑیوں سے پہلی پوزیشن چھیننا سب سے بڑی کامیابی ہے، قوم کی دعاؤں نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔