مایہ ناز بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کے حوالے سے گزشتہ ایک سال سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ وہ بھارت چھوڑ کر لندن منتقل ہونا چاہتے ہیں، اب اس حوالے سے تصدیق ہوگئی ہے کہ یہ جوڑی لندن منتقل ہورہی ہے۔
نامور اداکارہ مادھوری ڈکشت کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا نے اپنی زندگی کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، وہ بھارت چھوڑ کر لندن منتقل ہوجائیں گے۔
ڈاکٹر نینے نے یوٹیوب پر جاری کردہ ویڈیو میں انوشکا سے ہونے والی ایک ذاتی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اس فیصلے کی ممکنہ وجوہات بیان کی ہیں۔
ڈاکٹر نینے نے کہا کہ انوشکا شرما نے انہیں بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر اس لیے لندن منتقل ہونے کا سوچ رہے ہیں کیونکہ بھارت میں وہ اپنی کامیابی کا سکون سے لطف نہیں اٹھا سکتے۔
ڈاکٹر نینے کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما دونوں نہایت شریف اور عام انسانوں کی طرح ہیں، لیکن ان کی ہر حرکت پر توجہ دی جاتی ہے، کسی ریسٹورنٹ میں کھانے کے دوران بھی سیلفی لینے کے لیے ان کے مداح آجاتے ہیں، اگرچہ اس میں کوئی حرج نہیں مگر ایک حد کے بعد یہ مداخلت بن جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما چاہتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو ایک عام اور پُرسکون ماحول میں پروان چڑھائیں، اس لیے انہوں نے لندن جیسے شہر کو منتخب کیا ہے۔