پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، اورعوام کی حمایت سے پیپلزپارٹی انشاء اللہ پھر حکومت بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو سےعمائدین اورسیاسی رہنمائوںنے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔نواب شاہ میں آصف علی زرداری سے زرداری ہاؤس میں عمائدین عبدالقیوم آرائیں، ایوب راجپوت، شعیب آرائیں، ایوب جٹ، عاشق زرداری طارق مسعود آرائیں، علی حسن زرداری، علی اکبرجمالی ودیگر موجود تھے۔
سابق صدر نے نواب شاہ کے عمائدین کی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تجاویز سنیں ، اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے،سندھ میں مسلسل انتخابی کامیابی پیپلز پارٹی پرعوام کے اعتماد کا مظہرہے،عوام کی حمایت سے پیپلزپارٹی انشاء اللہ پھر حکومت بنائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ جام کمال، سابق رکن سندھ اسمبلی سلیم بلوچ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور سماجی رہنما ظفر عباس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
بلاول ہاؤس کراچی میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں نوابزادہ امیر خان مگسی میں موجود تھے۔ ادھر بلاول بھٹو زرداری سے پی ایس نواسی کے سابق رکن سندھ اسمبلی سلیم بلوچ اور پارلیمانی لیڈر ملیر ٹاؤن ریاض بلوچ کی ملاقات کی۔ جس میں ضلع ملیر کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین پی پی نے رہنماؤں کو عام الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی منشور گھر گھر پہنچانے کی ہدایت کی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی چیئرمین پیپلزپارٹی سے ملے اور کراچی کے عوام کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری سے سماجی رہنما ظفرعباس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور جے ڈی سی کی فلاحی سرگرمیوں سے متعلق چیئرمین پیپلزپارٹی کو آگاہ کیاگیا۔