گوگل نے اگست 2024 میں اپنے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ماڈل جیمنائی پر مبنی "ہیلپ می رائٹ" فیچر متعارف کرایا تھا جو جی میل صارفین کو ای میل تحریر کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اب اس فیچر کو مزید بہتر بناتے ہوئے گوگل نے متعدد نئی زبانوں کی سپورٹ شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے صارفین اپنی مادری زبان میں ای میلز تحریر کر سکیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین ایک کلک کے ساتھ نئے ای میل ڈرافٹس تیار کر سکتے ہیں یا چند الفاظ فراہم کرکے مکمل ای میلز لکھوا سکتے ہیں۔
پہلے یہ سہولت صرف انگریزی، ہسپانوی اور پرتگالی زبانوں تک محدود تھی لیکن اب گوگل نے جاپانی اور کورین کے ساتھ ساتھ فرنچ، جرمن اور اطالوی زبانوں کی سپورٹ بھی شامل کر دی ہے۔
اس اپ ڈیٹ سے مختلف زبانوں میں ای میلز تحریر کرنا یا انہیں بہتر بنانا اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
گوگل کے مطابق اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنے ای میل ڈرافٹ کا آغاز کم از کم 12 الفاظ سے کرنا ہوگا جس کے بعد "پالش" کا آپشن ظاہر ہوگا۔
یہ قدم عالمی صارفین کے لیے جی میل کے تجربے کو مزید سہل اور جامع بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔