مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ظلم، جبر، غلامی اور استحصال کیخلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں، 26ویں آئینی ترمیم کو نقصان پہنچایا گیا تو یہ سودی نظام کی حمایت ہوگی۔
جمیعت علماء اسلام نے پنجاب کے ضلع تونسہ شریف میں استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا کے مختلف اسلامی ممالک میں آگ لگی ہوئی ہے، یہ کس نے لگائی ہے؟، امریکا اور یورپ انسانیت کے قاتل ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ظلم، جبر، غلامی اور استحصال کیخلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں، ہم تو توریت اور انجیل کو اللہ کی کتاب مانتے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی سفاکیت کی مذمت کرتا ہوں، فلسطینیوں نے سر کٹوائے ہیں، سر جھکائے نہیں، امریکا اور یورپ کو عالمی قیادت کا کوئی حق حاصل نہیں، مسلمان حکمران بھی فلسطین پر ظلم اور جبر میں برابر کے شریک ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ تمام مسالک سے اپیل کرتے ہوں کہ ایک ہفتے کے اندر قومی سطح کا کمیشن بنایا جائے، امت مسلمہ نے قرآن و سنت کا راستہ چھوڑ دیا ہے، اس لیے غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں، 26 ویں ترمیم کے 56 نکات تھے، ہم نے اس ترمیم میں سود کے خاتمے کیلئے شقیں شامل کرائیں، یکم جنوری 2028ء سے پاکستان میں سود مکمل طور پر ختم ہو جائیگا۔
ان کا کہنا ہے کہ اب اگر اس ترمیم کے فیصلے کو نقصان پہنچایا گیا تو سودی نظام کی حمایت تصور ہوگی۔