پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے آج کے میچ کے دوران غیر ملکی شائقین کی جانب سے قومی کھلاڑیوں پر کی جانے والی بدزبانی اور غیر اخلاقی رویے کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے دوران غیر ملکی، خصوصاً افغان شائقین نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں پر نامناسب جملے کسے بلکہ پاکستان مخالف نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑی خوشدل شاہ نے مداخلت کرتے ہوئے شائقین سے باز رہنے کی اپیل کی، تاہم جواباً افغان شائقین نے پشتو زبان میں مزید نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے معاملے کو مزید بگاڑ دیا۔
واقعے پر پاکستانی ٹیم کی شکایت پر اسٹیڈیم انتظامیہ حرکت میں آئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ہنگامہ خیز شائقین کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔ ٹیم مینجمنٹ نے اس قسم کے واقعات کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا اور شائقین سے کھیل کے دوران مہذب رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔