پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد امریکی ٹیرف عائد ہونے کے معاملے پر حکومت نے موثر حکمت عملی تیار کر لی ہے ، وزیراعظم شہبازشریف نے اعلیٰ سطح کی سٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ قائم کر دیاہے جو امریکہ کے ساتھ اضافی ٹیرف کے معاملے پر مذاکرات کرے گا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 12 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینئر جبکہ سیکرٹری تجارت جواد پال کو ورکنگ گروپ کا کنوینئر مقرر کر دیا گیاہے ، اسٹیئرنگ کمیٹی ٹیرف کے معاملے پر قائم ورکنگ گروپ کی نگرانی کرے گی، 19 رکنی ورکنگ گروپ میں متعلقہ سیکرٹریز، کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں ۔وزیراعظم کو امریکی ٹیرف کے معاملے پر پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ممبران میں وفاقی وزراء تجارت و پیٹرولیم ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری خارجہ، امریکا میں پاکستان کے سفیر، ڈبلیو ٹی او میں نمائندے ، ڈاکٹر اعجاز نبی، منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ واشنگٹن، سیکرٹری تجارت شامل ہیں ۔
اسٹیئرنگ کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق ورکنگ گروپ امریکی ٹیرف کا تجزیہ کر کے سفارشات مرتب کرے گا، امریکی اضافی ٹیرف سے پاکستانی مصنوعات پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ورکنگ گروپ بدلتے عالمی تجارتی حالات میں دستیاب مواقع کا بھی تجزیہ کرے گا۔