انسٹا گرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک دلچسپ نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت اب ریلز ویڈیوز کو دوگنی رفتار (2x سپیڈ) سے دیکھنا ممکن ہوگا۔
میٹا کی زیر ملکیت اس فوٹو شیئرنگ ایپ میں یہ سہولت صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے شامل کی گئی ہے اور اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ویڈیو سکرین کو چند لمحوں تک دبائے رکھنا ہوگا جس کے بعد ویڈیو کی رفتار خود بخود بڑھ جائے گی۔
انسٹا گرام کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیچر جلد ہی تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا ماضی میں ریلز کو تیز رفتار سے دیکھنے کی سہولت موجود نہیں تھی لیکن صارفین کی جانب سے اس کی مسلسل مانگ کے پیش نظر اب اسے متعارف کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس سے صارفین کا وقت بچے گا اور وہ ریلز کو زیادہ تیزی سے دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انسٹا گرام نے ریلز ویڈیوز کی طوالت 15 سیکنڈ سے بڑھا کر 3 منٹ کر دی ہے۔
لیکس سے یہ بھی عندیہ ملا ہے کہ مستقبل میں ریلز کا دورانیہ 10 منٹ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسٹا گرام یہ اقدامات ٹک ٹاک سے مقابلے کے لیے اٹھا رہا ہے جہاں 10 منٹ کی ویڈیوز پوسٹ کرنے اور انہیں دوگنی رفتار سے دیکھنے کی سہولت پہلے سے موجود ہے۔