پنجاب پولیس سولر انرجی سے استفادہ کرنیوالے صوبائی محکموں میں سب سے آگے نکل گئی، تمام تھانوں، چیک پوسٹوں اور دفاتر کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
پنجاب پولیس سولر انرجی سے استفادہ کرنیوالے صوبائی محکموں میں سب سے آگے نکل گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام تھانوں، چیک پوسٹوں اور دفاتر کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ 369 پولیس اسٹیشنز اور 3 پی ایچ پی چیک پوسٹیں سولر سسٹم پر منتقل کی جاچکی ہیں، لاہور 45، بہاولپور 41، راولپنڈی کے 40 تھانے سولر سسٹم سے منسلک ہوگئے، گوجرانوالہ ریجن کے 80، سرگودھا کے 49 تھانے سولر انرجی سسٹم پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان 32، ساہیوال 30، فیصل آباد 26، شیخوپورہ کے 26 تھانے سولر پر منتقل کئے جاچکے ہیں، کچا ایریا کی تمام پولیس چوکیوں اور کیمپس کو بھی سولر سسٹم سے منسلک ہوچکے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے دیگر تمام پولیس تھانوں، چوکیوں کو بتدریج سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے تمام دفاتر، تھانوں اور چوکیوں کو اسی سال سولر سسٹم پر منتقل کر دیا جائے گا، سولر سسٹم پر منتقلی سے پنجاب پولیس کو بلوں کی مد میں ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔