چیف میٹرولوجسٹ محمد افضال کا کہنا ہے کہ سردیوں میں معمول سے 42 فیصد کم بارشوں نے ملک میں خشک سالی کی صورتحال پیدا کردی، اپریل سے درجہ حرارت تیزی سے بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ محمد افضال نے کہا کہ سردیوں میں معمول سے 42 فیصد کم بارشوں نے ملک میں خشک سالی کی صورتحال پیدا کردی، اپریل سے درجہ حرارت تیزی سے بڑھنے کا خدشہ ہے، ملک کے جنوبی حصے میں ہیٹ ویووز آسکتی ہیں جبکہ جون میں بحیرہ عرب میں طوفان کا بھی خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سال موسمیاتی لحاظ سے بہت غیرمعمولی ہے، ہمارے ڈیم اور پانی کے ذخائر ڈیڈ لیول پر ہیں، ملک میں خشک سالی کا سامنا ہے، پانی کی قلت سے فصلیں متاثر ہوں گی۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی حصہ میں بارش معمول سے کم ہوں گی، سندھ، پنجاب، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں معمولی سے شدید نوعیت کی خشک سالی ہے، بیماریوں کا پھیلاؤ اور جنگلی حیات متاثر ہوگی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پانی کا استعمال اعتدال سے کریں، موجودہ بارشوں کا سلسلہ شمالی علاقوں میں ہوگا، اس سلسلے سے پانی زیادہ ہونے کا امکان نہیں۔