وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کو ترقی میں پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، ایک سیاستدان ہمیشہ مجھ پر الزامات لگاتا رہا، مجھے بیرون ملک مانگنے کا طعنہ دینے والا کیا خود بانٹنے جاتا تھا، جب تک اسلام آباد پر دھاوا بولا جاتا رہے گا ترقی نہیں ہوسکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں یونیورسٹی اور کینسر اسپتال بنانے کا اعلان کردیا، جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ ہڑتالوں اور دھرنوں سے ایک دن میں اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے، پاکستان کو تباہ برباد کرنے کیلئے دن رات سازشیں ہورہی ہیں، ہم نے سیاست قربان کرکے پاکستان بچایا، مسلح افواج کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے بجلی کے نرخوں کو مزید کم کرنے کا بھی کہہ دیا۔ کہا کہ بھارت کو ترقی میں پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، ایک سیاستدان ہمیشہ مجھ پر الزامات لگاتا رہا، مجھے بیرون ملک مانگنے کا طعنہ دینے والا کیا خود بانٹنے جاتا تھا؟، بیرون ملک جاتا ہوں تو ڈرتا ہوں کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ مانگنے آیا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے پاکستان کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، نواز شریف کا ویژن صرف پاکستان کی ترقی ہے، پنجاب کی ترقی نواز شریف کے دور میں ہوئی اور اب ان کی بیٹی مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کیا، میں نے بھی صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ کے بجائے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، عوام کو روزگار دینے کیلئے منصوبوں کے جال بچھائے، میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی، جی بی کی ترقی میرا عزم ہے، اپنے تمام غیر ملکی دوروں میں پاکستان کی ترقی کو ترجیح دی ہم پاکستان کی تقدیر کو بدلیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی سب کے سامنے ہے، جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی نواز شریف نے ریاست کی خاطر اپنی سیاست کو داؤ پر لگادیا، آج مہنگائی 40 فیصد سے 2.4 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔