رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مرغی کے گوشت کی قیمت 850 روپے کلو تک پہنچ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل منافع خور اور ذخیرہ اندوز متحرک ہوگئے۔
راولپنڈی اسلام اباد سمیت پنجاب بھر میں مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، 14 ہزار روپے من فروخت کی جانے والی مرغی 17 ہزار روپے من تک پہنچ گئی۔
زندہ برائلر مرغی کی قیمت 460 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ چکن کا گوشت بھی عوام کی پہنچ سے دور 850 روپے کلو تک پہنچ گیا۔
یاد رہے کراچی میں بھی چکن کے گوشت کی اچانک قیمتیں بڑھنے سے شہری پریشان ہیں، شہر قائد میں 620 روپے ملنے والا چکن کا گوشت اب 750 روپے تک جا پہنچا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں منافع خور مزید سرگرم ہوجائیں گے، حکومت نوٹس لے اور سرکاری قیمتوں کا اطلاق کرائے۔