خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کی توسیع اور 72 نئی ہائبرڈ بسیں خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں بی آر ٹی سروس کی توسیع اور شہری ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بی آر ٹی بسیں رنگ روڈ، باڑہ روڈ اور خیبر روڈ پر بھی چلائی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو معیاری سفری سہولت فراہم کی جاسکے، بی آر ٹی میں رش کم کرنے کیلئے 72 نئی ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ نئی بسوں کی خریداری اور نئے روٹس کیلئے سول ورکس 6 مہینوں میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔
اجلاس میں بی آر ٹی کے زیر تعمیر "مال آف حیات آباد" اور "ڈبگری پلازہ" کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ یہ دونوں پلازہ اپریل کے آخر تک مکمل کر دیئے جائیں گے۔
اجلاس میں صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے کئی بڑے فیصلے کیے گئے، رنگ روڈ کے مسنگ لنک کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا، جس کیلئے فل فنڈنگ فراہم کی جائے گی، شہر میں 7 نئے انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جاسکے۔