قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آخری اوورز میں اچھی باولنگ کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہوئے ۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ میں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں نیوزی لینڈ نے بہت اچھا ہدف دیا ، ہم توقع نہیں کر رہے تھے کہ وہ 320 تک پہنچ جائیں گے۔ جب ہم نے شروع میں وکٹیں حاصل کیں تو ہمیں لگا تھا کہ وہ تقریباً 260 تک محدود رہیں گے۔ ول ینگ اور لتھام کی شراکت بہت اہم تھی۔ ہم نے کوشش کی، لیکن انہوں نے بہت ہوشیاری سے کھیلا اور اسی وجہ سے وہ اس اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
محمد رضوان کا کہناتھا کہ وکٹ شروع میں بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھی، لیکن ول ینگ اور لتھام کی اننگز بہت اہم ثابت ہوئی ، آخری اوورز میں ہماری بولنگ کا عملدرآمد اچھا نہیں تھا، اسی لیے وہ بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔
فخر زمان کی انجری پر بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ اسکین کا نتیجہ کیا آتا ہے۔ ہم نے دو بار اپنا تسلسل کھویا، پہلے آخری اوورز میں اور پھر پاور پلے میں بیٹنگ کے دوران۔ فخر زمان کو بطور اوپنر کھونا ہمارے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہوا۔ ہم خود پر یہ سوچ کر پریشر نہیں ڈالنا چاہتے تھے کہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں ۔ یہ میچ ختم ہو گیا، اور اگلا میچ ہمارے لیے ایک عام میچ کی طرح ہوگا۔