وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ عوام اور پارٹی نے کرنا ہے جبکہ وہ عوام کی خدمت کر رہی ہیں اور کرتی رہیں گے۔
ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ن لیگی حکومت نے ہمشہ تعمیر وترقی کے نئے سنگ میل قائم کیے ہیں اور تعمیر و ترقی ن لیگ کا طرہ امتیاز ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ڈی جی خان کی تعمیر و ترقی ہوئی اور ڈی جی خان کی تمام ہائی ویز ، میڈیکل کالج ، یونیورسٹی اور دانش اسکول بنایا گیا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو عوام کی خدمت کا ایک بار پھر شرف حاصل ہورہا ہے اور یہاں انڈس ہائی وے کو ایک سو 21 ارب روپے کی لاگت سے دورویہ بنایا جارہا ہے جبکہ سڑک کی تعمیر سے اضلاع راجن پور، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان کے عوام کو سفری سہولت ملے گی۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 22 فروری کو انڈس ہائی وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کو چار سال میں اس سڑک کی تعمیر کی توفیق نہیں ہوئی ، وزیراعظم ڈی جی خان میں ائیرپورٹ کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے جبکہ ائیر پورٹ کی بحالی منصوبے پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت کررہی ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب حکومت نے انسانی خدمت کا نیا معیار قائم کیا ہے، پنجاب حکومت عوام کو آسان کاروبار ، چھت ، صحت ، تعلیم اور کسان کارڈ دے رہی ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں نہتے عوام کو مارنے والے دہشت گرد ہیں اور دہشت گردی کی کاروائیاں پاکستان دشمنی پر مبنی ہیں جبکہ دہشت گردوں کو ہمارے دشمنوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔
رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان دہشت گردوں کو جہنم واصل کررہی ہے اور انکا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔