طویل خشک سالی کا خطرہ ٹلنے لگا۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی بارش نے سماں باندھے رکھا۔ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجر خان، وہاڑی، میلسی اور دیگرعلاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
پشاور، چارسدہ، مردان اور دیر سمیت خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں رجم جھم کے بعد سردی بڑھ گئی۔ ایبٹ آباد شہر میں بارش، نتھیاگلی اورایوبیہ میں برفباری سے ایبٹ آباد مری روڈ اور گلیات کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
مظفر آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ وادی نیلم اور وادی لیپہ کرناہ کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، جاگراں،شونٹھر،گرہس ،کیل سمیت دیگر پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی۔ برفباری سے بالائی علاقوں میں کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی۔
بلوچستان میں بھی قلات، صحبت پور، چمن، دکی، سبی، کوہلو، قلعہ عبداللہ اور دیگر مقامات پر بادل برسے، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں ہلکی برفباری نے سردی کی شدت بڑھادی ۔ جڑواں شہروں میں بھی بادلوں کی گھن گرج نے سماں باندھا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا حالیہ سلسلہ مزید دو روز جاری رہ سکتا ہے جبکہ تین سے چار روز میں بارش کا ایک اور اسپیل متوقع ہے، اگلے اسپیل میں جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بارش اور برفباری ہوگی، بارش سے گندم کی فصل کو فائدہ ہوگا۔