اسٹاک مارکیٹ سے مندی کے بادل نہ چھٹ سکے، ہفتے کے پہلے ہی روز 100 انڈیکس 342 پوائنٹس گر کر ایک لاکھ 11 ہزار 743 پوائنٹس پر کی سطح پر آگیا۔
نیا کاروباری ہفتہ اور نیا دن بھی اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی امیدیں نہ جگا سکا، ایک اور مندی کا دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک لاکھ 12 ہزار پوائنٹس کی حد سے نیچے لے آیا۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ایکس میں دوران ٹریڈنگ 440 پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 342 پوائنٹس گر کر ایک لاکھ 11 ہزار 743 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سابق ڈائریکٹر پی ایس ایکس ظفر موتی والا نے سماء سے گفتگو میں کہا کہ مارچ میں ملکی معیشت کا آئی ایم ایف جائزہ مارکیٹ کیلئے اہم ہے، فارنرز اور میوچل فنڈز کی مسلسل سیلنگ نے مارکیٹ کو متاثر کیا، چیمپینز ٹرافی کا انعقاد اور ورلڈ بینک کے ڈائریکٹرز کا آنا بہت مثبت خبر ہے۔
پیر کو اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 19 ارب 68 کروڑ روپے مالیت کے 51 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا۔