ضلع شگر کے دور افتادہ علاقے "الچوڑی" میں فری لانسنگ آئی ٹی ہب قائم کردیا گیا جو علاقے میں آئی ٹی کے انقلاب کے ذریعے ترقی کی نوید ہے۔
یہ اقدام ایس سی او کے ویژن 2025 کا حصہ ہے جس کا مقصد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل انقلاب لانا ہے۔
اس ویژن کے تحت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی کنیکٹیوٹی پہنچانے کے بڑے منصوبے پر کام جاری ہے اور اب تک چھوٹے بڑے 68 آئی ٹی سنٹرز قائم کئے جا چکے ہیں۔
ان دور دراز علاقوں میں فری لانسنگ آئی ٹی ہب قائم کیے جا رہے ہیں جہاں نوجوان نسل کو آن لائن روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
الچوڑی جیسے دور افتادہ علاقے میں تیز ترین انٹرنیٹ کے ساتھ فری لاننسگ آئی ٹی ہب کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے اور نوجوان نسل اس سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنے اور اپنے خاندان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر علاقہ عمائدین، سول ایڈمنسٹریشن حکام اور الچوڑی ضلع شگر کے نوجوانوں نے دور دراز علاقے میں فری لانسنگ آئی ٹی ہب کے قیام پر پاک آرمی اور ایس سی او کا شکریہ ادا کیا۔