چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی انسانیت کے خلاف صریح جرم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع نے جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو ) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ غزہ میں تشدد کی لہر مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا نتیجہ ہے اور اس جنگ کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہوگی، عالمی برادری انسانی المیے کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ اسپتالوں، اسکولوں اور امدادی کارکنوں کو نشانہ بنانا انسانیت کیخلاف جرائم ہیں۔