سیکیورٹی فورسز اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے پاکستان سے دہشتگردی کا قلع قمع کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑ رہی اور اسی تسلسل میں گزشتہ شب قلات میں دہشتگردی کی ایک بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جس دوران لیویز کے بہادر 18 جوانوں نے ملک خداد کی سرزمین کو فتنے سے پاک کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج سمیت تمام سیکیورٹی فورسز نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارجیوں کو نست و نابو د کیا جارہاہے اور یقینی طور پر جب تک اس فتنے سے پاک سرزمین کو صاف نہیں کر دیا جاتا قوم اور پاک فوج سکون سے نہیں بیٹھے گی جبکہ دہشتگردوں کی سہولت کاری کرنے والوں کو بھی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
دہشتگردی کی کارروائیاں شمالی علاقہ جات اور بلوچستان میں دیکھنے میں آ رہی اور ان دہشتگردوں کو بھارت اور افغانستان سے امداد موصول ہو رہی ہےجس کا واضح اور ناقابل تردید ثبوت افغان صوبہ بادغیس کے نائب گورنر مولوی غلام محمد کے بیٹے بدرالدین یوسف کی سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ہلاکت ہےجو 30 جنوری 2025 کو کلاچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ہمراہ مارا گیا ، افغان نائب گورنر کے بیٹے یوسف کی ٹی ٹی پی دہشت گردوں کے ساتھ ہلاکت ثابت کرتی ہے کہ افغانستان کھلم کھلا پاکستان میں دہشت گردی کو سپورٹ کر رہا ہے۔
قلات میں دہشتگردوں کی جانب سے گزشتہ شب سڑک بند کرنے کی کوشش کی گئی اور اطلاعات موصول ہوتے ہی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوئے ، سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جس کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں ۔اسی سلسلے میں بلوچستان میں متعدد سینیٹائزیشن آپریشنز کے دوران ضلع ہرنائی میں 11 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں ، مجموعی طور پر 24 گھنٹوں کے دوران 23 دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیاہے ۔
پاکستان متعدد بار کابل انتظامیہ سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ سرحد پار سے دہشتگردانہ کارروائیوں کو کنٹرول کرے اور افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے کے لاتعداد ثبوت بھی فراہم کیئے گئے ، کہا گیا کہ ہمسایہ ملک اپنی سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دے لیکن کابل انتظامیہ پاکستان میں موجود دہشتگردوں اور خوارجیوں کو نہ صرف امداد فراہم کر رہی ہے بلکہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکہ کا جدید اسلحہ بھی فراہم کر رہی ہے جسے دہشتگرد ہماری سیکیورٹی فورسز کیخلاف استعمال کر رہے ہیں ۔