پیٹرولیم کے شعبے کی ترقی میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے، نئے گیس ذخائر کی فروخت کے قوانین میں نرمی کردی گئی۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پیٹرولیم کے شعبے کی ترقی کیلئے اہم پیشرفت سامنے آگئی، پیٹرولیم کمپنیوں کے حصص کی فروخت کے تناسب میں اضافے کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ ایس آئی ایف سی کی سفارشات کے مطابق نئے گیس کے ذخائر کی فروخت کے قوانین میں نرمی کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں کو گیس ذخائر کی مد میں دیئے گئے حصص کو 10 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنیوں کو گیس کی بروقت ترسیل کیلئے سوئی گیس نیٹ ورک کا استعمال یا اپنی پائپ لائن بچھانے کی اجازت دی گئی، فیصلے کا بنیادی مقصد گیس کے ذخائر کا بہترین استعمال، نجی شعبے کی ترقی کیلئے شفافیت اور یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نجی کمپنیوں کو گیس کی فروخت سے مارکیٹ کی مجموعی طلب کو پورا کئے جانے کے ساتھ ساتھ گردشی قرضوں میں کمی متوقع ہے۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سوئی گیس کمپنیوں کی مالی مشکلات حل کرنے کیلئے حکومت کا اہم اقدام قابل ستائش ہے۔