ایف بی آر نے پہلے 7 ماہ میں 440 ارب روپے ٹیکس شارٹ فال کا خدشہ ظاہر کردیا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق رواں ماہ ٹیکس وصولی کا ہدف نو سو چھپن ارب روپے مقرر کیا گیا تھا لیکن اس کے مقابلے میں صرف نو سو ارب روپے تک کی وصولی کا امکان ہے۔ جنوری سے مارچ کے دوران ایف بی آر نے تین ہزار ایک سو ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف طے کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کو تین سو چھیاسی ارب روپے کا شارٹ فال ہوا تاہم فروری اور مارچ کے مہینوں میں ٹیکس وصولی میں تیزی آنے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر ٹیکس ریٹ میں ممکنہ کمی سے ریونیو میں اضافہ متوقع ہے جبکہ قابلِ ٹیکس درآمدات میں پانچ فیصد سے بڑھ کر پندرہ فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ٹیکس وصولی میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔ ایف بی آر کا رواں سال کے لیے بارہ ہزار نو سو ستر ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا گیا ہے۔