چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی انتخابات کی تاریخ مانگ رہی ہے۔ صاف،شفاف الیکشن میں تمام جماعتوں کویکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فوری الیکشن کی تاریخ دیں، اس سے پہلے کہ کوئی اورادارہ حکم دے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے۔ الیکشن میں تاخیر انتخابات نہ کرانے کے برابر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری جماعت ہے، الیکشن کا مطالبہ ہماراحق ہے، ہماری پارٹی انتخابات کی تاریخ مانگ رہی ہے۔ مزید کہا کہ ہر سیاستدان نے عدلیہ کے سامنے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا، جج صاحبان کوسب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا چاہیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آئین کسی بھی ریاست کی روح ہوتی ہے، ایک وقت آیا جب عدلیہ نے منتخب وزرائے اعظم کوگھر بھیجنا شروع کردیا، پریکٹس اینڈ پر وسیجربل کے فیصلے میں امید کی کرن نظر آئی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں نےبہت کچھ سیکھ لیا،مایوس نہیں ہوں، پارلیمنٹ اورعدلیہ کےدرمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، ہمیں سیاسی جماعتوں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا پڑے گا۔