مراکش کی سمندری حدود میں تارکینِ وطن کو مبینہ طور پر قتل کردیا گیا، مقتولین میں 12 کا تعلق گجرات سے تھا۔
غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے والوں کی ہلاکتوں کے پہ در پہ واقعات رپورٹ ہورہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یونان کشتی حادثے کے بعد مراکش میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سمندری حدود میں درجنوں تارکینِ وطن کو مبینہ طور پر قتل کرکے لاشیں سمندر میں پھینک دی گئی ہیں، جن میں 12 افراد کا تعلق پاکستان کے علاقے گجرات سے ہے۔
نمائندہ سماء کے مطابق واقعے میں زندہ بچ جانیوالے نوجوان نے سارا واقعہ فون کال پر بتادیا۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں گجرات کے نواحی علاقے ڈھولا کے دو بد قسمت نوجوان سفیان اور عاطف بھی شامل تھے، جو 4 ماہ قبل یورپ روانہ ہوئے، جنہیں مراکش کی سمندری حدود میں انسانی اسمگلرز نے مبینہ طور پر قتل کردیا۔
سنہرے مستقبل کی تلاش میں یورپ جانیوالے نوجوانوں کی موت کی خبر گجرات میں گھر والوں پر قیامت بن کر ٹوٹی تاہم اہلِ خانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کے پیاروں کی لاشیں پاکستان لانے کے فوری قدامات کئے جائیں۔