میٹا نے انسٹاگرام پر فلسطینی صارفین کی بائیو میں ’ دہشت گرد ‘ کا لفظ شامل کرنے پر معذرت کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق میٹا حکام کا کہنا تھا کہ مسلئے کو حل کر دیا گیا ہے اور ہم ایسا ہونے پر مخلصانہ طور پر معذرت خواہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک صارف نے اپنے بائیو میں ’’ الحمد اللہ ، میں فلسطینی ہوں ‘‘ لکھا اور ساتھ میں فلسطینی جھنڈا بھی بنایا لیکن بائیو کے انگلش ترجمہ میں ’’ الحمد اللہ ، فلسطینی دہشت گرد اپنی آزادی کے لئے لڑ رہے ہیں ‘‘ ظاہر ہوا۔
صارف نے بتایا کہ وہ خود فلسطینی نہیں لیکن ایک فلسطینی کی جانب سے اس مسلئے کے بارے بتائے جانے پر اس نے تجربہ کیا تھا جس میں یہی غلطی سامنے آئی۔
انسٹاگرام کو حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی کے دوران فلسطینیوں کی حمایت میں کیے جانے والے مواد کو دبانے کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام پر فلسطینیوں کی حمایت میں کی جانے والی پوسٹوں کی وجہ سے ان پر ’ شیڈو پابندی ‘ لگائی گئی ہے۔
صارفین کا دعویٰ ہے کہ تنازع کے حوالے سے کی جانے والی پوسٹس کو دوسری پوسٹس کے مقابلے میں کم لوگوں نے دیکھا ہے اور ان کے اکاؤنٹس ڈھونڈنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔
انسٹاگرام نے بھی یہ بات تسلیم کی ہے کہ ایک ’ بگ ‘ کی وجہ سے پوسٹس متاثر ہوئی ہیں۔