آزاد کشمیرمیں شدید سردی کا راج برقرار ہے، تاؤ بٹ میں درجہ حرارت منفی 24 اور مظفر آباد میں منفی 6 تک گرگیا، کراچی میں درجہ حرارت 8 جبکہ لاہور میں 6 ریکارڈ کیا گیا۔
ملک کے بالائی علاقوں بشمول آزاد کشمیر میں شدید سردی کا راج برقرار ہے، ریاست کے آخری گاؤں تاؤ بٹ میں درجہ حرارت منفی 24 تک گرگیا، مظفر آباد سمیت اکثر علاقوں میں پارہ نقطع انجماد سے نیچے چلا گیا، مظفر آباد میں مطلع صاف، آج دن میں سورج نکلنے کا امکان ہے تاہم سردی کی شدید لہر برقرار رہے گی۔
مظفر آباد شہر میں رات اور صبح کے وقت شدید سردی رہی پارہ منفی 6 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب رواں سال کی سرد ترین رات تھی، شہر میں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن بھر موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں صبح سویرے دھوپ نکل آئی، شہر سے دھند کی چھٹی ہوگئی، موٹرویز بھی کھلی ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں دھند کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔