پنجاب پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا تعاقب کیلئے افغان کوچی نسل کے کتوں پر مشتمل یونٹ تشکیل دیدیا، سرحدی چیک پوسٹوں پر 24 لڑاکا کتے پہنچا دیئے گئے۔
سرحدی چیک پوسٹوں پر دہشت گرد حملوں کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کے تعاقب اور پُرتشدد مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پنجاب پولیس نے افغان کوچی نسل کے سدھائے گئے لڑاکا کتوں کا یونٹ قائم کردیا۔
ابتدائی مرحلے میں 11 سرحدی پولیس چوکیوں پر 24 کتے پہنچا دیئے گئے، جنہیں 5 ماہ کی تربیت کے بعد باقاعدہ سیکیورٹی پر مامور کیا جائیگا۔
پولیس حکام نے دوسرے مرحلے میں پُرتشدد احتجاج مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے بھی فائٹر ڈاگس خریدنے کا فیصلہ کرلیا، کتوں کو تربیت دینے کیلئے 10 ڈاگ ہینڈلرز پولیس میں بھرتی کئے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حساس مقامات پر کتے مامور کرنے سے جانی نقصان کی شرح میں کمی آئے گی۔