اسرائیلی فوج نے غزہ کے ایک اسپتال میں کوریج کرنیوالے صحافیوں کی گاڑی پر حملہ کردیا، واقعے میں 5 فلسطینی صحافی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے نصیرات کیمپ میں واقع الاودا اسپتال میں کوریج کرنیوالی القدس ٹی وی چینل کی وین پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 صحافیوں سمیت کم سے کم 10 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد براڈ کاسٹنگ وین میں آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جس براڈ کاسٹنگ وین پر حملہ کیا اس پر واضح طور پر انگریزی زبان میں پریس کے الفاظ درج تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے صحافیوں پر ہونیوالے حملے کی ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشتگردوں کے سیل کو نشانہ بنایا۔
صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں تقریباً ڈیڑھ سو صحافی اور میڈیا ورکرز قتل ہوچکے ہیں، جن میں 133 غزہ کے فلسطینی تھے۔