بھارت کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ 92سال کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر من موہن سنگھ کو طبیعت خراب ہونے پر دہلی کے آل انڈیا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (ایمس) کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں داخل کرایا گیا جہاں وہ چل بسے۔
ڈاکٹر من موہن سنگھ بھارت کے مشہور سیاستدان اور ماہر معاشیات تھے، وہ 2004 سے 2014 تک بھارت کے وزیرِ اعظم رہے جبکہ ان کی قیادت میں بھارت نے معاشی ترقی اور خارجہ پالیسی کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
من موہن سنگھ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اور بھارت کے پہلے سکھ وزیرِ اعظم بھی تھے۔
ڈاکٹر من موہن سنگھ 26 ستمبر 1932کو ’ گاہ ‘ پنجاب جو کہ اب پاکستان کا حصہ ہے میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔
بعدازاں، انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے معاشیات میں اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈی فل کی ڈگری حاصل کی۔
1991 میں جب بھارت شدید مالیاتی بحران کا شکار تھا تب من موہن سنگھ نے وزیرخزانہ کے طور پر اصلاحات متعارف کرائیں جن کی بدولت بھارتی معیشت میں لبرلائزیشن کا آغاز ہوا۔
2004 میں وہ بھارت کے وزیرِ اعظم بنے اور مسلسل دو مدتوں تک ( 2004 تا 2014 ) انہوں نے خدمات انجام دیں۔