وزیر اعظم شہبازشریف نے عوام کیلئے بجلی مزید سستی کرنے اور مستقبل کے پیداواری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ زیادہ ایندھن سے کم بجلی پیدا کرنے والے فرسودہ بجلی گھروں کو فوراً بند کرنے کا حکم بھی دے دیا ۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت بجلی کے پیداواری منصوبوں، ترسیلی نظام پر جائزہ اجلاس میں شہباز شریف نے کہا مستقبل میں کم لاگت بجلی منصوبوں اور مقامی وسائل کو ترجیح دی جائے،اجلاس کو ملک بھر میں جاری پن بجلی کے منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔
وزیر اعظم نے کہا دنیا بھر میں ماحول دوست کم لاگت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے، پن بجلی سے صارف کو ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم ہوگی، وزیر اعظم نے کہا پاکستان اس لحاظ سے خوش قسمت ملک ہے کہ ملک میں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے، بجلی کی موجودہ استعداد کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے ۔