انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیئرمین جے شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی سے چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر شرائط میں نرمی کی درخواست کردی۔
خیال رہے کہ جمعرات کو چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک ختم کرنے کے حوالے سے آئی سی سی کا دبئی میں اہم اجلاس ہوا جو بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگیا ۔
لازمی پڑھیں۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے معاملات طے پاگئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کی ملاقات بھی ہوئی جس میں جے شاہ نے محسن نقوی سے معاملے پر شرائط میں نرمی کی درخواست کی۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا اور اپنے موقف پر قائم رہے اور جواب دیا کہ شرائط مانیں گے تو بات آگے بڑھے گی، پاکستان ہمیشہ سے سمجھوتہ کرتا آیا ہے اس مرتبہ آپ بھی لچک دکھائیں۔
چئیرمین پی سی بی نے جے شاہ کو ون ٹو ون ملاقات میں فیوژن ماڈل اور چند شرائط سے دوبارہ آگاہ بھی کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین آئی سی سی جے شاہ نے پی سی بی کو اضافی پیسوں کی آفردی جسے پی سی بی سربراہ نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیسوں کا لالچ نہیں بلکہ پاکستان کی عزت اہم ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی شرائط منوانے پر بضد ہے اور اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ 7 دسمبر کو دوبارہ پاکستان اپنا موقف دہرائے گا۔