بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) بورڈ میٹنگ میں آج بھی کوئی فیصلہ نہ ہوسکا اور ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
اجلاس میں پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو اپنا موقف بتایا جبکہ بھارت نے پاکستان کا 3 سالہ فارمولا مسترد کیا۔
تاہم بھارتی میڈیا کی جانب سے اب دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان کا پارٹنرشپ فارمولا تسلیم کر لیا گیا ہے اور چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے کہا گیا کہ چیمپیئزٹرافی کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں اور تین سال تک پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے جبکہ چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کھیلی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے میچز دبئی میں کھیلے گا جبکہ پاکستان 2026 ورلڈکپ کے میچ سری لنکا میں کھیلے گا اور پاکستان اور بھارت 3 سال تک ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھارتی میڈیا کے دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔