بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں فرد جرم آج بھی عائد نہیں ہوسکی۔
منگل کو سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی جس کے دوران ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہیں ہو سکی اور سابق خاتون اول بھی غیر حاضر رہیں۔
دوران سماعت وکیل صفائی سلمان صفدر نے بتایا کہ ملزمہ نئے درج ہونے والے مقدمات کی ضمانت حاصل کرنے کے لیے پشاور ہائی کورٹ گئی ہیں اور ملزمہ نے پشاور میں عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے۔
سلمان صفدر نے استدعا کی کہ عدالت مقدمہ کی سماعت پیر تک ملتوی کر دے یقین دہانی کراتے ہیں ملزمہ عدالت پیش ہو جائے گی۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ جان بوجھ کر عدالت پیش نہیں ہو رہی اور انہوں نے استدعا کی کہ ملزمہ کے بلا ضمانت وارن گرفتاری جاری کیے جائیں۔
تاہم، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 دسمبر جمعرات تک ملتوی کر دی۔






















