پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج11 روز بعد کاروبار کا منفی زون میں اختتام ہوا۔ ہنڈریڈ انڈیکس 200 پوائنٹس گر کر49531 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دوران ٹریڈنگ اسٹاک مارکیٹ نے 6 سال 4 ماہ بعد 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کی تھی تاہم ڈالر کی قدر گرنے کا سلسلہ رکنے اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مارکیٹ گرگئی، اسٹاک مارکیٹ میں آج 10ارب روپے مالیت کے36 کروڑ78 لاکھ شیئرزکا لین دین ہوا۔
دوسری جانب پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈلر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ 29 ویں روز رک گیا۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر17 پیسےمہنگا ہوکر 277 روپے کا ہوگیا۔ یاد رہے کہ انٹربینک میں ڈالر 5 ہفتے میں مجموعی طور پر 30 روپے 30 پیسے سستا ہوچکا ہے۔
اس سے قبل کاروبار کے آغاز پرانٹربینک میں ڈالر کی قدر میں مزید 83 پیسے کمی ہوگئی تھی، جس سے انٹربینک میں ڈالر 276 روپے پر آگیا تاہم بعد ازاں ڈالرکی قدر گرنے کا سلسلہ رک گیا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر277 روپے پرمستحکم ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں امریکی ڈالر کی قیمت انٹربینک میں 307 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 330 روپے سے تجاوز کر گئی تھی۔