پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیئے۔
ملک میں گذشتہ کئی گھنٹے سے فری وی پی اینز استعمال کرنے والے مشکل میں کیوں؟ وجہ کا پتہ چل گیا ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے وائٹ لسٹنگ کیلئے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی بندش جو شروع کردی ہے اور پی ٹی اے ذرائع کا کہنا ہے بندش عارضی طور پر کی جا رہی ہے جبکہ بزنس کیلئے ملک میں وی پی اینز پر کوئی پابندی نہیں۔
اتوار کو ویب منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے وی پی این بندش کا کامیاب تجربہ بھی کرلیا گیا جس کا مقصد وی پی اینز کی وائٹ لسٹنگ کا عمل تیز کرنا ہے ۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق چین، روس، ایران، ترکی سمیت دیگر ممالک غیر رجسٹرڈ وی پی اینز بلاک کرنے والوں میں شامل ہیں، یو اے ای، قطر، سعودی عرب بھی غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بلاک کرتے ہیں ، کچھ ممالک صرف بزنس استعمال کیلئے وی پی اینز کی اجازت دیتے ہیں اور پاکستان بھی ان میں شامل ہے ۔
پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے غیررجسٹرڈ وی پی اینز سیکیورٹی رسک ہیں، اُن کے ذریعے حساس ڈیٹا اور غیرقانونی مواد تک رسائی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے پی ٹی اے نے وی پی اینز کی رجسٹریشن 2010 میں شروع کی تھی ، 1420 سے زائد کمپنیوں کے اب تک 20 ہزار 500 کے لگ بھگ وی پی اینز رجسٹر ہو بھی چکے ہیں ۔
غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی بندش کے حوالے سے سماء نے ترجمان پی ٹی اے سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا لیکن انہوں نے مؤقف دینے سے گریز کیا ۔